پاکستان

کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں شدید فائرنگ، دھماکے کی اطلاع

  • ریسکیو 1122 کے مطابق گلستانِ جوہر کے بلاک 5 کے قریب دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی ہے
شائع June 27, 2026 اپ ڈیٹ June 28, 2026 12:12am

ہفتے کی شام کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں شدید فائرنگ اور زور دار دھماکے کی اطلاع کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ واقعے کی نوعیت اور اسباب جاننے کے لیے متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق گلستانِ جوہر کے بلاک 5 کے قریب دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی۔

ترجمان نے بتایا کہ سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم کو فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کر دیا گیا۔ ان کے بقول، ”ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ چکی ہے اور صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔“

دریں اثنا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دھماکے نما آواز اور فائرنگ کی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ یہ بات وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی۔