کاروبار اور معیشت

بین الاقوامی سرمایہ کار کی ٹی پی ایل ٹریکر کے اکثریتی حصص خریدنے میں دلچسپی

  • ٹی پی ایل ٹریکر لمیٹڈ دسمبر 2016 میں ٹی پی ایل وہیکل ٹریکنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے نام سے قائم کی گئی تھی
شائع June 24, 2026 اپ ڈیٹ June 24, 2026 11:23am

ایک بین الاقوامی سرمایہ کار نے ٹی پی ایل ٹریکر لمیٹڈ کے اکثریتی حصص خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جو ٹی پی ایل کارپوریشن لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ہے جبکہ ٹی پی ایل ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اس کی حتمی پیرنٹ کمپنی ہے۔

ٹی پی ایل کارپ نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں کہا کہ ہمیں آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ایک بین الاقوامی سرمایہ کار گروپ نے ٹی پی ایل کارپ لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی، ٹی پی ایل ٹریکر لمیٹڈ میں اکثریتی حصص خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

کمپنی نے مزید کہا کہ یہ ارادہ ضروری کارپوریٹ اور قانونی/ریگولیٹری منظوریوں، ڈیو ڈیلیجنس (جانچ پڑتال)، فروخت کنندگان کے ساتھ مذاکرات اور حتمی معاہدوں پر دستخط سے مشروط ہے۔

ٹی پی ایل ٹریکر لمیٹڈ دسمبر 2016 میں ٹی پی ایل وہیکل ٹریکنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے نام سے قائم کی گئی تھی۔ کمپنی بنیادی طور پر گاڑیوں کی ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب اور فروخت کے کاروبار سے وابستہ ہے جبکہ یہ فلیٹ مینجمنٹ (گاڑیوں کے بیڑے کے انتظام) کی خدمات بھی فراہم کرتی ہے۔

کمپنی مختلف صنعتوں کے لیے انٹرنیٹ آف تھنگز کے حل کی ایک وسیع رینج بھی پیش کرتی ہے جس میں کولڈ چین مانیٹرنگ، فیول مانیٹرنگ، جینسیٹ مانیٹرنگ اور ڈرائیور کے رویے کی نگرانی شامل ہے۔

اگست 2025 میں ٹریکر مڈل ایسٹ ایل ایل سی نے چاڈ میں اپنا پہلا افریقی پروجیکٹ حاصل کیا جس کے تحت آئی او ٹی پر مبنی فیول مانیٹرنگ سلوشنز فراہم کیے گئے۔ یہ مشرق وسطیٰ سے باہر اپنے جغرافیائی دائرہ کار کو وسیع کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔