مارکٹس

اسپیس ایکس کی قیادت میں اے آئی اسٹاکس میں فروخت کا دباؤ، نیسڈیک فیوچرز 2 فیصد گرگئے

  • مختصر مدتی 2 سالہ ٹریژری نوٹ پر منافع پیر کے روز چار ماہ کی بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد تقریباً 4 بیسس پوائنٹس کم ہو کر 4.19 فیصد پر آ گیا
شائع June 23, 2026 اپ ڈیٹ June 23, 2026 02:10pm

وال اسٹریٹ فیوچرز میں منگل کو ٹیک سیکٹر پر مشتمل نیسڈیک انڈیکس کے ٹریکنگ کنٹریکٹس 2 فیصد گرگئے۔ اس گراوٹ کی وجہ امریکہ میں شرح سود میں متوقع اضافے کے خدشات اور اے آئی پر قرض کے ذریعے کیے جانے والے کارپوریٹ اخراجات کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی تشویش ہے۔

دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس، بشمول یورپ اور ایشیا کی مارکیٹس گزشتہ سیشن میں وال اسٹریٹ میں ہونے والی فروخت کے دباؤ کے بعد دباؤ کا شکار رہیں جبکہ خام تیل اور قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔

امریکہ میں اے آئی سے متعلق اسٹاکس میں کمزوری کے آثار آئندہ بھی برقرار رہنے کا امکان ہے کیونکہ سرمایہ کار بڑھتی ہوئی ویلیو ایشنز (قیمتوں) کے حوالے سے فکرمند ہیں، ایسے وقت میں جب قرض لینے کی بلند لاگت اے آئی پر ہونے والے اخراجات کو مزید مہنگا بنا سکتی ہے۔

صبح 03:33 بجے (ای ٹی ) کے وقت ڈاؤ ای مِنِی فیوچرز 372 پوائنٹس یا 0.71 فیصد نیچے تھے، ایس اینڈ پی 500 ای مِنِی فیوچرز 101.25 پوائنٹس یا 1.34 فیصد گرے ہوئے تھے جبکہ نیسڈیک 100 ای مِنِی فیوچرز 693.25 پوائنٹس یا 2.25 فیصد کی کمی کے ساتھ ٹریڈ کر رہے تھے۔

سی ایم ای گروپ کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق تاجروں کو توقع ہے کہ فیڈرل ریزرو دسمبر تک قرض لینے کی لاگت میں مجموعی طور پر 50 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کرے گا۔ یہ پیشگوئی دو ہفتے قبل کیے گئے 25 بیسس پوائنٹس کے اضافے کی توقع سے زیادہ ہے کیونکہ سرمایہ کار نئے چیئرمین کیون وارش کے ماتحت سخت مانیٹری پالیسی کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔

مختصر مدتی 2 سالہ ٹریژری نوٹ پر منافع پیر کو چار ماہ کی بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد تقریباً 4 بیسس پوائنٹس کم ہوکر 4.19 فیصد پر آ گیا۔

سرمایہ کاروں کو اس بات پر تشویش ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کے بعد اس سہ ماہی کے آغاز میں ہونے والی مضبوط ریلی کے بعد اے آئی سے متعلق اسٹاکس کی بلند ویلیوایشنز برقرار ہیں۔

پیر کو چپ بنانے والی کمپنیوں کے اسٹاکس میں تیزی آئی اور فلاڈیلفیا ایس ای سیمی کنڈکٹر انڈیکس ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ بدھ و مائیکرون کے نتائج میموری اور اے آئی چپس کے مستقبل کے بارے میں کچھ اشارے فراہم کرسکتے ہیں۔

ایلون مسک کی اسپیس ایکس اس ماہ کے اوائل میں ایک شاندار آئی پی او کے بعد بانڈ مارکیٹ کا رخ کرنے والی تازہ ترین بڑی کمپنی بن گئی حالانکہ اس نے گزشتہ برس خالص نقصان کا اندراج کیا تھا۔ پیر کو اس اسٹاک میں 16 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جب کہ ایلفابیٹ، میٹا، مائیکروسافٹ اور ایمیزون کے حصص کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہوئی۔