کاروبار اور معیشت

پنجاب : کپاس کی فصل کا پیداواری ہدف حاصل ہونے کی امید

  • کھاد کی سرکاری نرخوں پر فروخت اور جعلی ادویات کے خلاف سخت کارروائی کا حکم
شائع June 21, 2026 اپ ڈیٹ June 21, 2026 01:16pm

پنجاب کے سیکریٹری زراعت افتخار علی ساہو نے کہا ہے کہ فیلڈ رپورٹوں کے مطابق صوبے بھر میں کپاس کی فصل کی صورتحال انتہائی حوصلہ افزا ہے اور رواں سیزن میں پیداواری اہداف کے حصول کے روشن امکانات ہیں۔

وہ لاہور میں کپاس کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں بہاولپور، ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے زرعی حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

سیکریٹری زراعت نے فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ انہار کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید مضبوط کریں، تاکہ فصل کی ضرورت کے مطابق پانی کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا استعمال کرتے ہوئے کاشتکاروں کو فصل کی دیکھ بھال کے لیے موثر رہنمائی فراہم کریں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کھادوں کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے مارکیٹ کی سخت مانیٹرنگ اور جعلی زرعی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دیا۔