فاتحانہ واپسی کے بعد بھی سرینا ولیمز ومبلڈن میں شرکت کے فیصلے پر تذبذب کا شکار
- منگل کو کورٹ پر واپسی، 44 سالہ ٹینس اسٹار کوئینز کلب ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں توجہ کا مرکز بن گئیں
ٹینس کی عالمی شہرت یافتہ امریکی کھلاڑی سرینا ولیمز نے کہا ہے کہ تقریباً چار سال بعد کورٹ پر فاتحانہ واپسی کے باوجود انہوں نے ومبلڈن میں شرکت کا حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
44 سالہ ٹینس اسٹار منگل کو کوئینز کلب ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں کینیڈا کی نوجوان کھلاڑی وکٹوریہ مبوکو کے ساتھ جوڑی بنا کر میدان میں اتریں، جہاں انہوں نے پرجوش تماشائیوں کے سامنے نکول میلیچار اور ایرن روٹلف کو شکست دے کر سب کی توجہ سمیٹ لی۔ ومبلڈن کے آغاز میں چند ہی دن باقی ہیں، ایسے میں 7 بار کی سنگلز چیمپئن کی واپسی ایونٹ کی ریٹنگ کے لیے زبردست بوسٹر ثابت ہو سکتی ہے۔
سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرنے میں ابھی کچھ وقت باقی ہے اور انتظامیہ مجھے سوچنے کا پورا موقع دے رہی ہے۔ میچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں میچ سے ادھا گھنٹہ قبل نروس تھی، گراس کورٹ پر واپسی آسان نہیں ہوتی لیکن کارکردگی مناسب رہی۔