بنوں میں فورسز کی بڑی کارروائی، 8 دہشت گرد ہلاک، اہلکار شہید
- آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیم کو خراج تحسین، انعام دینے کا اعلان
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مشترکہ آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد مارے گئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
آج نیوز کے مطابق کارروائی بنوں کے تھانہ میریان کی حدود میں خفیہ اطلاع پر کی گئی جہاں پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کانسٹیبل نور اللہ شہید ہوگیا جبکہ زخمی اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری رکھا گیا ہے تاکہ ممکنہ سہولت کاروں اور فرار ہونے والے عناصر کو گرفتار کیا جاسکے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انعام کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی ادارے بھرپور عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی بنوں میں تحریکِ طالبان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پولیس اور سی ٹی ڈی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیرِ داخلہ نے آٹھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر خیبر پختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کی شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔
انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکار کو بھی زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ سے تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔