کھیل

ٹاپ ٹو میں جگہ بنانے کے باوجود گجرات کی ٹیم میں اب بھی بہتری کی گنجائش ہے، راشد خان

  • گجرات ٹائٹنز نے اپنے پہلے ہی سیزن (2022) میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا
شائع اپ ڈیٹ

گجرات ٹائٹنز نے چنئی سپر کنگز کو 89 رنز سے شکست دے کر پانچ سیزنز میں چوتھی بار انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ تاہم پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ ٹو پوزیشن حاصل کرنے کے باوجود اسٹار اسپنر راشد خان کا کہنا ہے کہ ٹیم کے کھیل میں اب بھی بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

گجرات ٹائٹنز جس نے 2022 میں اپنے پہلے ہی سیزن کے دوران چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، موجودہ سیزن کے 14 میچوں میں 9 فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر رائل چیلنجرز بنگلورو کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ راشد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم پر کسی قسم کا کوئی دباؤ یا ضرورت سے زیادہ خوش فہمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم ایک سو فیصد پرفیکٹ ٹیم ہیں اور ہر میچ جیتیں گے۔ ہم چیزوں کو سادہ رکھتے ہیں۔ حریف ٹیم جو بھی ہو، ہماری توجہ اس بات پر ہوتی ہے کہ ہم میدان میں کیسے زیادہ اثر انداز ہو سکتے ہیں اور ذمہ داری نبھا سکتے ہیں۔