کاروبار اور معیشت

پاکستان اور کینیا کا دوطرفہ تجارت کا حجم دگنا کرنے کا عزم

  • پاکستان کینیا جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کا اسلام آباد میں دوسرا اجلاس
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان اور کینیا نے دوطرفہ معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے آئندہ پانچ برسوں میں دوطرفہ تجارت کا حجم دگنا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان-کینیا جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی (جے ٹی سی) کے دوسرے اجلاس کے دوران کیا گیا۔

اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کی وزارتِ تجارت کے سیکرٹری جواد پال اور کینیا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ فار ٹریڈ کی پرنسپل سیکرٹری ریجینا اے اومبام نے کی جب کہ دونوں ممالک کے مختلف سرکاری اداروں کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی جو تجارتی تعلقات کے فروغ اور زیرِ التوا تجارتی امور کے حل کے لیے اہم دوطرفہ پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتی ہے نے اس امر کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک اپنی اقتصادی شراکت داری اور مستقبل کے تجارتی تعاون کو غیرمعمولی اہمیت دیتے ہیں۔

اجلاس کے دوران ترجیحی شعبوں کی ایک وسیع رینج میں نمایاں پیش رفت ریکارڈ کی گئی، جس میں دونوں فریقین نے مارکیٹ تک رسائی، برآمدات کے فروغ، کسٹمز، سرمایہ کاری، اینیمل کوارنٹائن، پلانٹ پروٹیکشن، سینیٹری و فائٹو سینیٹری اقدامات، تکنیکی معیارات، فارماسیوٹیکلز، بینکاری، تجارتی تنازعات کے حل، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی)، سیاحت اور صنعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔