بنگلورو کی پنجاب کو عبرتناک شکست، پلے آف میں کوالیفائی کر لیا، راجستھان کے خلاف جیت کے ساتھ دہلی کی امیدیں بھی برقرار
- پانچویں نمبر پر موجود راجستھان اور چنئی سپر کنگز، جو پوائنٹس میں دہلی کے برابر ہیں دونوں کے پاس ابھی دو دو میچز باقی ہیں
رائل چیلنجرز بنگلورو نے پنجاب کنگز کو 23 رنز سے ہرا کر پہلی ٹیم کے طور پر پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ دہلی کیپٹلز نے راجستھان رائلز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹاپ فور کی دوڑ میں خود کو برقرار رکھا۔
پہلے میچ میں بنگلورو نے وینکٹیش ائیر کے ناقابلِ شکست 73 اور ویرات کوہلی کے 58 رنز کی بدولت 222 رنز بنائے۔ جواب میں بھونیشور کمار اور راسخ سلام کی عمدہ باؤلنگ کے باعث پنجاب کی ٹیم مقررہ اوورز میں 199 رنز ہی بنا سکی۔ بھونیشور نے ابتدائی اوورز میں ہی اوپنرز کو پویلین بھیج کر پنجاب کی کمر توڑ دی۔
دوسرے میچ میں راجستھان نے ویبھو سوریاونشی کے تیز رفتار 46 اور ریان پراگ کے 51 رنز کی بدولت 193 رنز بنائے۔ مچل اسٹارک نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 40 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور راجستھان کے مڈل آرڈر کو تہس نہس کر دیا۔ دہلی نے ابھیشیک پویل (51) اور کے ایل راہول (56) کی اوپننگ شراکت اور کپتان اکسر پٹیل کے برق رفتار 34 رنز کی بدولت ہدف 4 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔