ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید مضبوط
- ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 278.62 پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 278.62 پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ بدھ کو مقامی کرنسی 278.65 روپے پر بند ہوئی تھی۔
جمعرات کو امریکی ٹریژری بانڈز کے منافع میں اضافے کے باعث ڈالر کی قدر میں تیزی دیکھی گئی کیونکہ سرمایہ کاروں نے یہ شرط لگا رکھی ہے کہ فیڈرل ریزرو اس سال شرحِ سود میں اضافہ کرے گا۔
دوسری جانب عالمی توجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان ہونے والی دو روزہ سربراہی ملاقات پر مرکوز ہوگئی ہے۔
جمعرات کو ڈالر کی قدر مستحکم رہی جس کے باعث یورو کی قدر میں معمولی تبدیلی آئی اور یہ 1.1714 ڈالر پر رہا۔ یورو اس ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 0.6 فیصد کمی کی جانب گامزن ہے جو گزشتہ دو ماہ میں اس کی سب سے بڑی گراوٹ ہوگی۔
برطانوی پاؤنڈ کی حالیہ قیمت 1.3524 ڈالر رہی اور یہ ہفتہ وار بنیادوں پر تقریباً 0.8 فیصد کمی کی جانب گامزن ہے جس کی ایک بڑی وجہ ملک میں جاری سیاسی ہلچل اور بے یقینی ہے۔
مختلف کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کا انڈیکس 98.48 پر رہا، جو اس ہفتے اب تک مجموعی طور پر 0.6 فیصد سے زائد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔