کاروبار اور معیشت

ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں مزید بہتری

  • ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 278.71 روپے پر بند
شائع اپ ڈیٹ

انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 278.71 روپے پر بند ہوا۔

یاد رہے کہ بدھ کو مقامی کرنسی 278.72 روپے پر بند ہوئی تھی۔

عالمی سطح پر جمعرات کو امریکی ڈالر دباؤ کا شکار رہا کیونکہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کی شدت میں کمی کی امیدوں نے تیل پر منحصر کرنسیوں کو سہارا دیا۔ دوسری جانب ٹوکیو نے اپنی کرنسی ین کی حمایت میں لفظی مداخلت دوبارہ شروع کردی جس کی وجہ سے سٹہ باز محتاط رہے۔

ایران نے بدھ کو کہا کہ وہ امریکہ کی جانب سے پیش کردہ امن کی ایسی تجویز کا جائزہ لے رہا ہے جس کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ جنگ کا باقاعدہ خاتمہ تو کردے گی لیکن امریکی مطالبات کے اہم نکات بدستور حل طلب رہیں گے۔

تجزیہ کاروں کو خدشہ ہے کہ کوئی بھی ایسا معاہدہ جو شپنگ کے لیے اس اہم ترین آبی گزرگاہ (آبنائے ہرمز) کو نہیں کھولتا، اس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہوسکتا ہے۔

کشیدگی میں کمی کی امیدوں کے باعث راتوں رات تیل کی قیمتوں میں گراوٹ دیکھی گئی، جس سے مہنگائی کے خدشات کم ہوئے اور ٹریژری ییلڈز بھی نیچے آگئے کیونکہ مارکیٹوں نے امریکی شرحِ سود میں اضافے کے خطرے کے پیشِ نظر اپنے اندازوں میں کمی کی۔ اس صورتحال کے نتیجے میں ڈالر انڈیکس واپس 97.950 پر آگیا جو گزشتہ ہفتے کی بلند ترین سطح 99.092 سے کافی کم ہے۔

تیل کی قیمتوں میں کمی نے یورو کو تقویت بخشی کیونکہ براعظم یورپ امریکہ کے مقابلے میں درآمدی تیل پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔ یورو 0.1 فیصد اضافے کے ساتھ 1.1757 ڈالر پر مستحکم رہا جبکہ رات کے وقت اس نے 1.1797 ڈالر کی دو ہفتوں کی بلند ترین سطح کو بھی چھوا تھا۔