ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید تگڑا
- کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 278.72 پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.01 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 278.72 پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ منگل کومقامی کرنسی 278.75 روپے پر بند ہوئی تھی۔
مزید برآں بدھ کو ڈالر کی قدر میں زیادہ تر بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
جاپانی ین تیزی سے مضبوط ہو کر دو ماہ سے زائد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، کیونکہ مارکیٹیں ایک اور مداخلت کی توقع کررہی ہیں۔
یورو 1.1740 ڈالر پر رہا جبکہ برطانوی پاؤنڈ 1.3594 ڈالر پر ٹریڈ ہوا، دونوں کرنسیوں کی قدر میں اب تک تقریباً 0.4 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔
آسٹریلوی ڈالر 0.7250 ڈالر کی چار سالہ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جبکہ نیوزی لینڈ ڈالر 1 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ 0.5951 ڈالر پر رہا جو کہ تقریباً دو ماہ میں اس کی بلند ترین سطح ہے۔
ڈالر انڈیکس تقریباً 0.3 فیصد کمی کے ساتھ 98.026 پر آگیا۔
دریں اثنا بدھ کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا سلسلہ برقرار رہا اور ایکسیس کی اس رپورٹ کے بعد کہ واشنگٹن جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کے ساتھ ایک صفحے کے فریم ورک معاہدے کے قریب پہنچ چکا ہے قیمتیں دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔
برینٹ کروڈ فیوچرز 6.70 ڈالر یا 6.1 فیصد کمی کے ساتھ 103.17 ڈالر فی بیرل پر آگیا جبکہ اس سے قبل یہ گزشتہ تقریباً دو ہفتوں کی کم ترین سطح کو بھی چھو چکے تھے، اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 6.77 ڈالر یا 6.6 فیصد کمی کے ساتھ 95.50 ڈالر رہی۔
تیل کی قیمتوں کے یہ دونوں بینچ مارکس وسط اپریل کے بعد سے فیصد اور مطلق لحاظ سے اپنی سب سے بڑی یومیہ گراوٹ کی جانب گامزن تھے جبکہ گزشتہ سیشن میں بھی ان میں تقریباً 4 فیصد کی کمی دیکھی گئی تھی۔