فاسٹ کیبلز لمیٹڈ کا یونٹس کو ضم کرنے کا عمل مکمل، سالانہ 10 کروڑ روپے کی بچت متوقع
- اقدام کمپنی کی کارکردگی، منظم ترقی اور اسٹیک ہولڈرز کیلئے طویل مدتی ویلیو پیدا کرنے پر مسلسل توجہ کی عکاسی کرتا ہے، نوٹس
فاسٹ کیبلز لمیٹڈ (ایف سی ایل) نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ اس نے لاہور میں واقع اپنے یونٹ ون کو یونٹ ٹو کے ساتھ ضم کرنے کا عمل مکمل کرلیا ہے۔
کمپنی نے اس پیش رفت کے بارے میں آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا۔
نوٹس کے مطابق اس انضمام سے مستقبل میں تقریباً 10 کروڑ روپے کی سالانہ بچت متوقع ہے جس کے ساتھ کوالٹی ایشورنس (معیار کی ضمانت) میں بہتری، پیداواری چکر میں تیزی اور پوری ویلیو چین میں مجموعی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔
نوٹس میں بتایا گیا کہ انضمام کے مکمل نفاذ کے ساتھ کمپنی اب پیداواری حجم میں اضافے، صارفین کی بڑھتی طلب کو زیادہ قابلِ اعتماد طریقے سے پورا کرنے اور آپریشنل بہتری کو برقرار رکھنے کے لیے مستحکم پوزیشن میں ہے۔
ایف سی ایل کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کمپنی کی کارکردگی، منظم ترقی اور اسٹیک ہولڈرز کیلئے طویل مدتی ویلیو پیدا کرنے پر مسلسل توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔
کمپنی نے مزید کہا کہ یہ اسٹریٹجک اقدام حالیہ توسیعی منصوبوں اور جدید کاری کے بعد آپریشنل کارکردگی کو بڑھانے اور مینوفیکچرنگ کے عمل کو مزید بہتر بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
دونوں یونٹس کے ایک واحد اور مربوط مینوفیکچرنگ آپریشن میں ضم ہونے سے پیداواری عمل سہل ہوگیا ہے، وسائل کا استعمال بہتر ہوا اور آپریشنل ہم آہنگی کو تقویت ملی ہے۔
ایف سی ایل کی ابتدا 1998 میں فاسٹ کیبلز اینڈ کمپنی کے نام سے بطور پارٹنرشپ فرم ہوئی تھی۔ بعد ازاں 2008 میں اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹر کیا گیا۔
کمپنی کی بنیادی سرگرمی ہر قسم کی بجلی کی تاروں، کیبلز اور کنڈکٹرز کی تیاری اور فروخت ہے۔