کاروبار اور معیشت

ٹیک ٹیکسٹائل اور ٹیکس پراسیس نمائش میں پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر توجہ کا مرکز

  • نمائش سودمند رہی ، یورپی خریداروں سے بڑے آرڈرز موصول ہوئے، نعمان قادر
شائع اپ ڈیٹ

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں منعقدہ نمائشوں ٹیک ٹیکسٹائل اور ٹیکس پراسیس 2026 میں پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی خریداروں کی توجہ کامیابی سے اپنی جانب مبذول کرا لی۔ پاکستان کی شرکت کی خاص بات اپنی مصنوعات میں خریداروں کی گہری دلچسپی، بھرپور عملی شرکت اور بڑھتی ہوئی بین الاقوامی ساکھ رہی۔

ایونٹ میں 54 ممالک سے 1,700 سے زائد نمائش کنندگان اکھٹے ہوئے جو عالمی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی وسعت اور تنوع کی عکاسی کرتے ہیں۔ منجھے ہوئے مینوفیکچررز سے لے کر ابھرتے ہوئے اداروں تک شرکاء نے نئی پیش رفت اور عملی حل پیش کیے جنہوں نے صنعت کی مسلسل ترقی اور حالات کے مطابق ڈھلنے کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔

ہزاروں تجارتی وزیٹر جن میں خریدار، صنعتی ماہرین اور فیصلہ ساز شامل تھے نے ان نمائشوں میں شرکت کی اور نمائش کنندگان کے ساتھ بھرپور تبادلہ خیال کیا۔ ان ملاقاتوں نے نیٹ ورکنگ، مصنوعات کے حصول اور مستقبل میں کاروباری شراکت داری کے قیمتی مواقع پیدا کیے ہیں۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) نے ایک قومی پویلین کی قیادت کی، جس میں صداقت لمیٹڈ، ہارون فیبرکس، جے کے اسپننگ اور احمد فائن ویونگ شامل تھے۔ اس کے علاوہ، آرٹسٹک ملنرز، ایچ نظام الدین اینڈ سنز، ماسٹر ٹیکسٹائل، سفائر فنشنگ، نشاط، پاک ونز انٹرنیشنل اور ایم بلال ٹیکسٹائل جیسے آزاد نمائش کنندگان نے مصنوعات کی متنوع رینج کے ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کی موجودگی کو مزید مستحکم کیا۔

پاک ونز انٹرنیشنل کے ایکسپورٹ منیجر محمد نعمان قادر نے کہا کہ یہ نمائش انتہائی سودمند رہی جس میں یورپی خریداروں کی جانب سے بڑے آرڈرز موصول ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی میں ان کی شرکت کا مقصد جدید ٹیکنالوجیز اور یورپی پیش رفت کا جائزہ لینا ہے تاکہ برآمدات میں اضافے اور ملک کی معاشی ترقی میں مدد مل سکے۔

آرٹ مِل کے سینئر منیجر سیلز اینڈ مارکیٹنگ راحیل ولانی نے بتایا کہ یہ نمائش بہت کامیاب رہی۔ زائرین کی آمد کا سلسلہ بھرپور رہا اور انہوں نے کئی ممالک کے خریداروں کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی نے ایونٹ کے دوران کاروبار کے بہترین مواقع حاصل کیے۔