برنلے کے خلاف میچ فائنل کی طرح ہے، مانچسٹر سٹی کے اسٹار کھلاڑی ہالینڈ کا بیان
- آرسنل اکتوبر سے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر قابض ہے، تاہم مانچسٹر سٹی نے اتحاد اسٹیڈیم میں کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس کا فرق صرف تین تک محدود کر دیا ہے۔ سٹی کو حریف ٹیم پر ایک اضافی میچ کی برتری بھی حاصل ہے
مانچسٹر سٹی کے اسٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ کا کہنا ہے کہ ٹیبل ٹاپرز آرسنل کے خلاف 2-1 کی فتح کے بعد اب برنلے کے خلاف اگلا پریمیئر لیگ میچ فائنل کی حیثیت رکھتا ہے، کیوں کہ اس جیت کے ساتھ ہی سٹی کے پاس رواں ہفتے کے وسط میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا سنہری موقع پیدا ہو گیا ہے۔
آرسنل اکتوبر سے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے، تاہم مانچسٹر سٹی نے اتحاد اسٹیڈیم میں کامیابی حاصل کر کے پوائنٹس کا فرق صرف تین تک محدود کر دیا ہے۔ سٹی کو آرسنل کے مقابلے میں ایک اضافی میچ کھیلنے کی برتری بھی حاصل ہے۔ بدھ کو ہونے والے میچ میں فتح پیپ گوارڈیولا کی ٹیم کو لندن کلب (آرسنل) کے برابر لا کھڑا کرے گی اور سٹی گول فرق کی بنیاد پر ٹیبل پر پہلے نمبر پر آ سکتی ہے۔
اتوار کی جیت میں فیصلہ کن گول اسکور کرنے والے ہالینڈ نے اسکائی اسپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدھ کو ہمارا ایک فائنل ہے۔ برنلے کے خلاف میچ بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا یہ میچ تھا۔ ہمیں مکمل توجہ کے ساتھ عاجزی برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب 2004 کے بعد اپنا پہلا پریمیئر لیگ ٹائٹل جیتنے کی کوشش میں مصروف آرسنل کی ٹیم ہفتے کو نیو کیسل یونائیٹڈ کے مدمقابل ہوگی۔