آبنائے ہرمز کھلنے پر ٹرمپ کا پاکستان سے اظہار تشکر، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف عاصم منیر کی تعریف
- آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کا گزر اسی مربوط راستے سے ہوگا جس کا اعلان ایرانی تنظیم برائے بندرگاہ و جہاز رانی پہلے ہی کر چکی ہے، عباس عراقچی
ایران کی جانب سے تمام تجارتی جہازوں کے لیے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کے فوراً بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور اس کے عظیم وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا شکریہ، یہ دو شاندار شخصیات ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے جمعہ کو اعلان کیا تھا کہ لبنان میں جنگ بندی کی مناسبت سے آبنائے ہرمز سے تمام تجارتی جہازوں کی آمد و رفت کو جنگ بندی کی بقیہ مدت کے لیے مکمل طور پر کھلا قرار دے دیا گیا ہے۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی ایک پوسٹ میں عباس عراقچی نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کا گزر اسی مربوط راستے سے ہوگا جس کا اعلان ایران کی پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن پہلے ہی کر چکی ہے۔
تجارتی جہازوں کے لیے آبنائے ہرمز کھولنے کے ایرانی اعلان کے ردعمل میں صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں محض یہ الفاظ لکھے: ”شکریہ“