مارکٹس

امریکہ ایران امن مذاکرات کی امید، متحدہ عرب امارات کی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی

  • دبئی کی مرکزی شیئر مارکیٹ میں 1.6 فیصد اضافہ ہوا
شائع April 15, 2026 اپ ڈیٹ April 15, 2026 02:36pm

متحدہ عرب امارات کی اسٹاک مارکیٹس میں بدھ کے روز ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران تیزی دیکھی گئی، جہاں امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ امن مذاکرات کی بحالی سے متعلق امیدوں نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دی۔

امریکہ نے بدھ کو کہا کہ اس کی فوج نے ایران کے ساتھ سمندری تجارت کو مکمل طور پر روک دیا ہے، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ تہران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات اسی ہفتے دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں۔

ٹرمپ کے مطابق امریکی اور ایرانی حکام آئندہ دو دن میں پاکستان میں دوبارہ ملاقات کر سکتے ہیں، جبکہ نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی موجودہ صورتحال پر حوصلہ افزا ردعمل ظاہر کیا، حالانکہ گزشتہ ہفتے کے مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوئے تھے۔

دبئی کی مرکزی شیئر مارکیٹ میں 1.6 فیصد اضافہ ہوا، جس کی بڑی وجہ ایمار پراپرٹیز کے حصص میں 2.7 فیصد اور امارات این بی ڈی بینک کے شیئرز میں 2.1 فیصد اضافہ تھا۔

بجٹ ایئرلائن ایئر عربیہ کے حصص میں 3.1 فیصد اضافہ ہوا۔

ابوظہبی کی مارکیٹ میں بھی 0.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں الدار پراپرٹیز کے شیئرز 2.9 فیصد بڑھ گئے۔