سپرنیٹ نے بڑے بینک سے ملٹی ملین ڈالر کا سائبر سیکیورٹی معاہدہ حاصل کرلیا
- 5 سالہ مدت کا یہ کنٹریکٹ پاکستان کے بڑے بینکوں میں سے ایک نے دیا ہے
سپر نیٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ نے اپنی ذیلی کمپنی سپر نیٹ سیکیور سلوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے کروڑوں ڈالر مالیت کا سائبر سیکیورٹی کنٹریکٹ حاصل کرلیا جس سے پاکستان کے فنانشل سروسز کے شعبے میں اس کی موجودگی مزید مستحکم ہوگئی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 5 سالہ مدت کا یہ کنٹریکٹ پاکستان کے بڑے بینکوں میں سے ایک نے دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ مسلسل دوسرا مینڈیٹ ہے جو 2021 میں دیے گئے پہلے پانچ سالہ کنٹریکٹ کی کامیاب تکمیل کے بعد حاصل ہوا ہے۔
تجدید شدہ معاہدے کے تحت سپر سیکیور بینک کے ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اپ گریڈ شدہ اور جدید ترین سائبر سیکیورٹی سلوشن نصب کرے گی۔
پروجیکٹ میں اینڈ پوائنٹ سیکیورٹی سسٹمز کا نفاذ شامل ہے جو ملک بھر میں 10 ہزار سے زائد ملازمین کے ڈیٹا کے تحفظ کیلئے بنائے گئے ہیں جو مالیاتی اداروں کیلئے سائبر خطرات کے لحاظ سے حساس ترین شعبوں میں سے ایک ہے۔
سپر نیٹ کے مطابق اس کنٹریکٹ کی مالیت کروڑوں امریکی ڈالر میں ہے جو کہ آئندہ 5 سالوں کے دوران کمپنی کی سائبر سیکیورٹی ریونیو میں نمایاں اضافے کا باعث بنے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حالیہ ذمہ داری (مینڈیٹ) کے علاوہ، سپر سیکیور پہلے ہی اسی کلائنٹ (بینک) کے ساتھ تین سالہ پریویلجڈ ایکسیس مینجمنٹ (پی اے ایم) سلوشن پر کام کررہی ہے اور اس سے قبل بھی مختلف سائبر سیکیورٹی خدمات کے ذریعے بینک کے بین الاقوامی آپریشنز کو معاونت فراہم کر چکی ہے۔
کمپنی نے بیان کیا کہ نئے حاصل شدہ کنٹریکٹ کے مالی اثرات معاہدے کی پوری مدت کے دوران مثبت رہنے کی توقع ہے جو کمپنی کی طویل مدتی ترقی کی رفتار (گروتھ ٹریجیکٹری) میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مارکیٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس پیمانے کے بار بار ملنے والے معاہدے کلائنٹ کے بھرپور اعتماد (ریٹینشن) اور پاکستان کے بینکنگ سیکٹر میں جدید ترین سائبر سیکیورٹی سلوشنز کی بڑھتی ہوئی مانگ کی عکاسی کرتے ہیں۔ پاکستانی بینکنگ کا شعبہ بڑھتے ہوئے سائبر خطرات کے پیشِ نظر اپنے ڈیجیٹل دائرہ کار کو مسلسل وسعت دے رہا ہے۔