مارکٹس

ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں اضافہ

  • ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 279 روپے 15 پیسے کی سطح پر بند
شائع March 31, 2026 اپ ڈیٹ March 31, 2026 05:17pm

انٹر بینک مارکیٹ میں منگل کو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔

کاروبار کے اختتام پر روپیہ ایک پیسے کے اضافے سے 279 روپے 15 پیسے پر بند ہوا۔

یاد رہے کہ پیر کو ڈالر 279 روپے 16 پیسے پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب عالمی سطح پر امریکی ڈالر جولائی کے بعد اپنے سب سے بڑے ماہانہ اضافے کی جانب گامزن ہے اور محفوظ ترین اثاثے کے طور پر ابھرا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں تیزی اور عالمی کساد بازاری کے بڑھتے ہوئے خطرات نے ڈالر کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔

گزشتہ رات جاپانی ین کے علاوہ دیگر تمام کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا، جاپان کی جانب سے مداخلت کی دھمکیوں کے باعث سرمایہ کار ین کو 160 فی ڈالر کی سطح سے نیچے لے جانے میں محتاط ہیں۔ پیر کو امریکی ڈالر انڈیکس گزشتہ سال مئی کے بعد بلند ترین سطح 100.61 تک پہنچ گیا اور مارچ کے دوران اس میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا، جو گزشتہ جولائی کے بعد کسی بھی ایک مہینے میں سب سے بڑی شرحِ نمو ہے۔

تیل کی عالمی مارکیٹ میں منگل کو قیمتوں میں زیادہ اتار چڑھاؤ نہیں دیکھا گیا۔ سرمایہ کار ایک طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران جنگ کے خاتمے کے امکانات اور دوسری طرف عالمی تیل کی ترسیل کی اہم ترین شہ رگ آبنائے ہرمز کی طویل بندش سے سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

برینٹ کروڈ کے مئی کے سودے 18 سینٹ یا 0.16 فیصد اضافے کے ساتھ 112.96 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے، جبکہ اس سے قبل سیشن میں قیمتوں میں 1 فیصد کمی دیکھی گئی تھی۔ مئی کے معاہدوں کی مدت آج (منگل کو) ختم ہو رہی ہے، جبکہ جون کے زیادہ فعال معاہدے 107.10 ڈالر کی سطح پر رہے۔