پاکستان

سیکیورٹی مسائل، پاکستان اور چین کا بزنس کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ

  • وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات
شائع March 27, 2026 اپ ڈیٹ March 27, 2026 04:14pm

پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو درپیش سیکیورٹی مسائل کے حل کے لیے بزنس کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دہشتگردی کے خاتمے، سیکیورٹی تعاون، پولیس ایکسچینج پروگرامز اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔

دونوں رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ بزنس کانفرنس کے پہلے مرحلے میں پاکستان میں موجود چینی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند سرمایہ کاروں سے رابطے کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اسپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جارہا ہے۔

یہ یونٹ خاص طور پر اسلام آباد میں مقیم چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔ اپنی تربیت کے حصے کے طور پر اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کو چینی زبان کی بھی باقاعدہ تربیت دی جائے گی۔