مشرق وسطیٰ تنازع : ایشین کپ کی قرعہ اندازی ملتوی
- خطے میں جاری کشیدگی کی وجہ سے کھیلوں کے متعدد دیگر مقابلے بھی ملتوی یا منسوخ کر دیے گئے ہیں
ایشیائی فٹ بال کنفیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ جنوری میں ہونے والے ایشین کپ فائنلز کے لیے قرعہ اندازی (ڈرا)، جو 11 اپریل کو ریاض میں ہونا تھی ملتوی کر دی گئی ہے۔
گورننگ باڈی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکام نے اس تقریب کو نئی تاریخ تک کے لیے ری شیڈول کر دیا ہے، تاکہ فائنل ڈرا کی تقریب میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی بلا تعطل شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
خطے میں جاری تنازع جس کا آغاز تقریباً ایک ماہ قبل امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں سے ہوا تھا کی وجہ سے خطے میں کھیلوں کے متعدد مقابلے پہلے ہی ملتوی یا منسوخ کیے جا چکے ہیں۔
سعودی عرب پہلی بار اس 24 ٹیموں کے چار سالہ براعظمی چیمپئن شپ کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، جبکہ کوالیفائرز کا آخری راؤنڈ منگل کو منعقد ہوگا۔
قطر دفاعی چیمپئن ہے اور اس نے چار بار کی فاتح جاپان سمیت ورلڈ کپ کوالیفائرز جنوبی کوریا، ایران، اردن، آسٹریلیا اور ازبکستان کے ساتھ پہلے ہی فائنلز میں اپنی جگہ یقینی بنا لی ہے۔
اے ایف سی نے منگل کو یہ بھی اعلان کیا کہ ایشین چیمپئنز لیگ ایلیٹ کے آخری مراحل شیڈول کے مطابق جدہ میں جاری رہیں گے، جن کے میچز 13 سے 26 اپریل تک کھیلے جائیں گے۔