پاکستان

ملک بھر میں آج یومِ پاکستان منایا جارہا ہے

  • وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31، صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس،اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا
شائع March 23, 2026 اپ ڈیٹ March 23, 2026 01:46pm

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق قوم آج یومِ پاکستان اس عزمِ کی تجدید کے ساتھ منا رہی ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق ملک کو ایک حقیقی اسلامی اور فلاحی مملکت بنایا جائے گا۔

یہ دن 23 مارچ 1940 کو منظورکردہ اس تاریخی قراردادِ لاہور کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا مطالبہ کیا تھا۔

وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس،اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔

مساجد میں فجر کی نماز کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

صدر زرداری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قومی عزم کو حقیقت میں بدلنے کیلئے اتحاد اور یکجہتی سب سے اہم عناصر ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت نے متعدد چیلنجز کے باوجود ملکی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل سے وابستہ ہے اور پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔