فروری 2026 میں پاکستان کو 42 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل

  • مالی سال 2026 کے ابتدائی 8 ماہ (جولائی تا فروری) میں ملک کو 70 کروڑ ڈالر کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا ہے، اسٹیٹ بینک
شائع March 16, 2026 اپ ڈیٹ March 16, 2026 05:56pm

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے فروری 2026 میں 42 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس (بچت) ریکارڈ کیا ہے۔

تاہم مجموعی طور پر دیکھا جائے تو مالی سال 2026 کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران ملک کو 70 کروڑ ڈالر کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا رہا، جبکہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے کے دوران 47 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ماہانہ بنیادوں پر کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور یہ جنوری 2026 کے 6 کروڑ 80 لاکھ ڈالر (ترمیم شدہ) کے سرپلس سے بڑھ کر فروری 2026 میں 42 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔

مالی سال 2026 کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران درآمدات کی مد میں زیادہ ادائیگیوں کی وجہ سے کرنٹ اکاؤنٹ کی پوزیشن دباؤ کا شکار رہی۔ درآمدات میں اضافہ مقامی طلب میں بہتری اور سپلائی کی رکاوٹوں میں کمی کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ اس کے برعکس برآمدات میں اضافے کی رفتار سست رہی۔