ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری
- ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 279.35 پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 279.35 پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ منگل کو مقامی کرنسی 279.36 روپے پر بند ہوئی تھی۔
عالمی سطح پر بدھ کو ڈالر نے اپنی پوزیشن برقرار رکھی کیونکہ تاجر محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے سائیڈ لائن پر رہے اور امریکہ-اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ میں اگلے ممکنہ اقدامات کے اشاروں کے منتظر رہے جبکہ تنازع کے حل کے حوالے سے متضاد پیغامات نے مارکیٹ کے رجحان کو کمزور رکھا۔
ایشیائی تجارت کے ابتدائی اوقات میں یورو 1.16205 ڈالر پر فروخت ہوا جو پیر کو چھوئی گئی 3 ماہ کی کم ترین سطح سے تھوڑا بہتر ہے۔ برطانوی پاؤنڈ (اسٹرلنگ) 0.12 فیصد اضافے کے ساتھ 1.34305 ڈالر پر رہا۔
ڈالر انڈیکس 98.876 پر رہا جو پیر کو چھوئی گئی تین ماہ کی بلند ترین سطح سے قدرے نیچے ہے۔
دوسری جانب آسٹریلوی ڈالر، منگل کو اپنی تقریباً چار سال کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار رہا اور اس کی تازہ ترین قیمت 0.713 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔