صنعتکار اقتصادی محاذ کے سولجر، ملکی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، عبدالرحمان فُدا
- لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں تعزیتی اجلاس
صنعتکاروں نے کہا ہے کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دشمنوں کو ہر محاذ پر بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، پاکستان کی حفاظت کی جنگ کئی محاذوں پر لڑی جا رہی ہے جن میں اقتصادی محاذ بھی شامل ہے جہاں صنعتکار بطور سولجر پاکستان کو اقتصادی طور پر مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ بات صنعتکاروں نے حال ہی میں بنوں ضلع میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوراج سے لڑتے ہوئے ایک ساتھی کے ہمراہ اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں تعزیتی اجلاس کے دوران کہی۔
لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز 92 ونگ رینجرز کے سابق ونگ کمانڈر تھے جو سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دفتر کے قریب واقع ہے۔
اجلاس میں ونگ کمانڈر 63 ونگ رینجرز لیفٹیننٹ کرنل ہارون سرفراز،سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا، سرپرست سلیم پاریکھ، صدرعبدالرحمان فُدا، سابق صدر احمد عظیم علوی، کامران عربی، انور عزیز، عبدالہادی، محمد ریاض ڈیڈھی، عبدالرشید، سلیم ناگریا، محمد حنیف توکل اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے بھی شرکت کی۔
سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا نے تجویز دی کہ افواج پاکستان کے شہداء کے لواحقین کے لیے خصوصی فنڈز قائم کیے جانے چاہیے اس مقصد کے لیے انہوں نے صنعتکار برادری سے تعاون کی درخواست کی تاکہ شہداء کے لواحقین کا خیال رکھا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو افواج پاکستان کی قربانیوں کا شکر گزار ہونا چاہیے کیونکہ وہ ممالک جو مضبوط فوج نہیں رکھتے وہ اب باقی نہیں رہے۔
انہوں نے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز شہید کے کام کرنے کے انداز اور قیادت کی مہارتوں کو سراہا۔
صدر سائٹ ایسوسی ایشن عبدالرحمان فُدا نے لیفٹیننٹ کرنل شاہزادہ گلفزارشہید کی 92 ونگ رینجرز کے ونگ کمانڈر کے طور پر سائٹ ایریا میں خدمات کی تعریف کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حفاظت کی جنگ کئی محاذوں پر لڑی جا رہی ہے جن میں اقتصادی محاذ بھی شامل ہے جہاں صنعتکار بطور سولجر پاکستان کو اقتصادی طور پر مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔