دبئی اوپن : انجری کے باعث دستبرداری کے بعد پاؤلا بڈوسا کا آن لائن بدتمیزی پر شدید ردعمل
- ہسپانوی کھلاڑی نے مسلسل انجریوں کے بعد گزشتہ برس شاندار کارکردگی کے ذریعے دوبارہ ٹاپ 10 میں جگہ بنائی تھی
سابق عالمی نمبر دو ٹینس اسٹار پاؤلا بڈوسا نے دبئی ٹینس چیمپئن شپ کے دوران ران کی انجری کے باعث دستبرداری پر ہونے والی آن لائن تنقید کو تہذیب سے عاری قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ 28 سالہ ہسپانوی کھلاڑی جنہوں نے کمر کی دائمی تکلیف کے باوجود گزشتہ برس ٹاپ 10 میں واپسی کی تھی، ایلینا سویٹولینا کے خلاف میچ ادھورا چھوڑنے پر مجبور ہوئیں۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف کی جانب سے کھیل کی بے عزتی کے تبصرے پر بڈوسا نے جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ ایک دائمی انجری کے ساتھ روزانہ لڑنا اور اپنے شوق کے لیے 1 فیصد امید پر بھی کوشش کرنا ہی اصل جدوجہد ہے۔
اس واقعے نے کھلاڑیوں کی ذہنی صحت اور سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی نفرت پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ڈبلیو ٹی اے کے مطابق کھلاڑیوں کو آن لائن بدسلوکی سے بچانا ان کی ترجیح ہے۔
امانڈا انیسیمووا اور سویٹولینا جیسے کھلاڑیوں نے بھی اس مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہارے ہوئے جواریوں اور سائبر بدمعاشوں کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں اور جسمانی ساخت پر تبصرے ناقابلِ برداشت حد تک بڑھ چکے ہیں، جس کا اثر کھلاڑیوں کی ذہنی صحت پر پڑتا ہے۔