پاکستان

غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی ہے، محسن نقوی

  • وزیر داخلہ کی امریکی سفیر نٹالی بیکر سےملاقات ،غیر قانونی امیگریشن روکنے اور سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے بارے تبادلہ خیال
شائع January 24, 2026 اپ ڈیٹ January 25, 2026

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں امریکی سفیر نٹالی بیکر سے اہم ملاقات کی، جس میں فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی تعاون کو بڑھانے بالخصوص غیر قانونی امیگریشن کو روکنے اور پری امیگریشن کلیئرنس سسٹم کو بہتر بنانے پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔

فریقین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص پولیس کے لیے ہر سطح پر تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

اجلاس کے دوران ایک اہم فیصلہ کیا گیا کہ جعلی ویزا سرگرمیوں میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف جامع ایس او پیز کے تحت مشترکہ کارروائیاں شروع کی جائیں۔

وفاقی وزیر محسن نقوی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت نے ایجنٹ مافیا اور غیر قانونی نقل مکانی کو سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف “زیرو ٹالرینس پالیسی” اپنائی ہے۔

انہوں نے اس سلسلے میں امریکی حمایت کا خیر مقدم کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ میں ذاتی طور پر جعلی ویزا نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں کی نگرانی کر رہا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاسپورٹ کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فول پروف بنایا گیا ہے۔

غیر قانونی امیگریشن کو ایک سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر امریکا پہنچنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف حکومت کا سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ موثر حکومتی اقدامات کے نتیجے میں غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جعلی دستاویزات تیار کرنے یا سہولت فراہم کرنے میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔امریکی سفیر نٹالی بیکر نے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کے لیے واشنگٹن کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، ہماری ترجیحات ہم آہنگ ہیں اور باہمی تعاون کو وسعت دینے سے ہمارے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔