گل پلازہ آتشزدگی : ایک ہی دکان سے متعدد لاشیں برآمد ، اموات بڑھنے کا خدشہ
- میزنِین فلور پر واقع کراکری کی دکان سے 20 سے 30 کے قریب لاشیں ملی ہیں
آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو سرچ آپریشن کے دوران ایک ہی دکان سے متعدد لاشیں ملنے کے بعد گل پلازہ آتشزدگی کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق میزنِین فلور پر واقع کراکری کی ایک دکان سے 20 سے 30 کے قریب لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ ریسکیو حکام نے بھی اسی دکان سے انسانی باقیات ملنے کی تصدیق کی ہے۔
ایدھی حکام کی ابتدائی رپورٹس میں ہلاکتوں کی تعداد 30 بتائی گئی تھی، تاہم اب انسانی باقیات ملنے کے بعد اس میں بڑے اضافے کا امکان ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کی بالائی منزلوں کی غیر مستحکم حالت کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے جانی نقصان مزید بڑھ سکتا ہے۔
یہ آگ ہفتے کی رات گئے شہر کے تجارتی مرکز میں واقع کثیر المنزلہ گل پلازہ شاپنگ سینٹر میں لگی تھی جو 24 گھنٹے سے زائد وقت تک بھڑکتی رہی اور گنجان آباد علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں شدید رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔
اتوار کے روز آگ بجھانے کے عمل کے بعد کولنگ اور ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا گیا، تاہم یہ خدشات موجود تھے کہ بہت سے متاثرین اندر پھنسے ہو سکتے ہیں۔ اتوار کی شام تک عمارت کے بڑے حصے گر چکے تھے اور گلیوں میں ملبہ، لوہے کے ٹوٹے ہوئے ڈھانچے اور ایئر کنڈیشنرز بکھرے ہوئے تھے، جبکہ ریسکیو ورکرز نے خبردار کیا ہے کہ عمارت کا باقی ماندہ ڈھانچہ بھی انتہائی کمزور ہو چکا ہے جو کسی بھی وقت گر سکتا ہے۔