تحریک انصاف کے حمایت یافتہ محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر، نوٹیفکیشن جاری
- اسپیکر قومی اسمبلی نے دستخط کے بعد نوٹیفکیشن پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر اور عامر ڈوگر کے حوالے کر دیا
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے جمعہ کو نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ رکن اسمبلی محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف (اپوزیشن لیڈر) مقرر کر دیا گیا ہے۔
رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس 2007 کے رول 39 کے تحت جاری کردہ اس نوٹیفکیشن کی منظوری اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے دی، جس کا اطلاق 16 جنوری (آج) سے ہو گیا ہے۔
اس تقرری کے ساتھ ہی ایوان میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کا طویل عمل باقاعدہ طور پر مکمل ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے نوٹیفکیشن پر دستخط کے بعد اسے پی ٹی آئی کے رہنماؤں بیرسٹر گوہر علی خان اور عامر ڈوگر کے حوالے کیا۔
اسپیکر نے اسمبلی اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر کو اپنے چیمبر میں طلب کیا اور بعد ازاں ایوان میں محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا باقاعدہ اعلان کیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کی بطور رکن اسمبلی نااہلی اور نشست سے برطرفی کے بعد پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے سینئر سیاستدان اور تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا نام اس عہدے کے لیے تجویز کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے 70 سے زائد اراکین نے ان کی تقرری کی درخواست پر دستخط کیے تھے۔
محمود خان اچکزئی اب ایوانِ زیریں میں اپوزیشن لیڈر کا آئینی کردار ادا کریں گے۔ اس عہدے کی وجہ سے اب وہ اہم ریاستی تقرریوں میں مشاورت اور پارلیمانی نگرانی جیسے کلیدی امور میں مرکزی کردار ادا کرنے کے اہل ہوں گے۔