پاک آسٹریلیا ٹی 20 سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت کل سے شروع ہوگی
- پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی 20 میچز 29 ، 31 جنوری اور یکم فروری کو لاہور میں کھیلے جائیں گے ، پی سی بی کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کل جمعہ سے شروع ہوگی جبکہ شائقین 19 جنوری سے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے فزیکل ٹکٹ بھی خرید سکیں گے۔ یہ تمام میچز 29، 31 جنوری اور یکم فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شام 6 بجے کھیلے جائیں گے۔
پہلے میچ کے لیے وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 800 روپے، پریمیئم 600، فرسٹ کلاس 500 اور جنرل انکلوژر کے لیے 400 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ اقبال اینڈ وی آئی پی ٹکٹ 1,500 اور جناح اینڈ کے ٹکٹ 2,000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
اسی طرح دوسرے اور تیسرے میچ کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت وی آئی پی ٹکٹ 1,000 روپے، پریمیئم 700، فرسٹ کلاس 600 اور جنرل انکلوژر کا ٹکٹ 500 روپے کا ہوگا جبکہ اقبال اینڈ اور جناح اینڈ کے وی آئی پی ٹکٹ بالترتیب 2,000 اور 2,500 روپے کے ہوں گے۔
اس کے علاوہ پہلے میچ کے لیے ہاسپیٹلٹی گیلری کا ٹکٹ 5,000 روپے اور بقیہ دو میچوں کے لیے 6,000 روپے کا ہوگا، جبکہ ہاسپیٹلٹی باکس کی ایک نشست پہلے میچ کے لیے 20,000 اور اگلے دو میچوں کے لیے 25,000 روپے میں دستیاب ہوگی۔