پاکستان کی جاز نے کارپوریٹ شناخت کی تجدید کے دوران اے آئی چیف مقرر کر دیا
- سی اے آئی او عملی اور ذمہ دارانہ مصنوعی ذہانت کی ترقی کو تیز کرے گا
پاکستان کی ٹیلیکوم کمپنی جاز نے ایک بڑے کارپوریٹ شناختی تجدید کے سلسلے میں عامر اعجاز کو چیف آرٹیفیشل انٹیلی جنس آفیسر ( سی اے آئی او) کے طور پر مقرر کر دیا ہے۔ اسی موقع پر کمپنی نے جاز ورلڈ کا بھی اعلان کیا، جو کمپنی کے کنیکٹیویٹی، ڈیجیٹل، مالیاتی، لائف اسٹائل، صحت، ڈیٹا سینٹر، اے آئی اور پلیٹ فارم کاروباروں کو ایک متحدہ وژن کے تحت جوڑنے والی گروپ شناخت ہے۔
پیر کے روز جاری کیے گئے بیان کے مطابق سی اے آئی او کا کردار ادارے میں اے آئی پر مبنی حل میں سرمایہ کاری کو گہرا کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سی اے آئی او” پاکستان کے تناظر کے مطابق عملی اور ذمہ دارانہ اے آئی کی ترقی کو تیز کرے گا، صارف کے تجربے کو بہتر بنائے گا، بزنس انٹیلی جنس کو مضبوط کرے گا اور پلیٹ فارمز میں مصنوعات کی جدت کو آگے بڑھائے گا۔“
ساتھ ہی جاز ورلڈ نے سائبر سیکیورٹی کو بھی حکمرانی کی بنیادی ترجیح کے طور پر اجاگر کیا ہے، جس کے تحت چیف انفارمیشن سیکورٹی آفیسر قاسم شفیق اب براہِ راست سی ای او کو رپورٹ کریں گے۔
جاز ورلڈ کی شناخت کے تحت کمپنی کا مقصد فِن ٹیک، تفریح، نوجوانوں کی مصروفیت، کلاؤڈ، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، ہیلتھ ٹیک، فیشن کامرس اور انشور ٹیک کے پلیٹ فارمز کو جوڑنا اور اسکیل کرنا ہے۔
جاز ورلڈ کے آغاز پر تبصرہ کرتے ہوئے، جاز ورلڈ کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہا ہے کہ ” جاز ورلڈ اس بات کی عکاسی ہے کہ ہم کون بن چکے ہیں اور کہاں جا رہے ہیں۔ ہم ادائیگیوں، آن لائن سروسز، ڈیٹا سینٹرز اور اے آئی صلاحیتوں کو تبدیل کر کے پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو آگے بڑھا رہے ہیں۔“
کمپنی نے واضح کیا کہ جاز ورلڈ کے وسیع ایکو سسٹم میں جاز بنیادی کنیکٹیویٹی پرت کے طور پر برقرار رہے گی۔