کاروبار اور معیشت

ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید مضبوط

  • مقامی کرنسی ایک پیسے کی بہتری سے 280.05 روپے پر بند
شائع January 8, 2026 اپ ڈیٹ January 8, 2026 04:22pm

انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی ایک پیسے کی بہتری سے 280.05 روپے پر بند ہوئی۔

یاد رہے کہ بدھ کو مقامی کرنسی 280.06 روپے پر بند ہوئی تھی۔

بین الاقوامی سطح پر جمعرات کو امریکی ڈالر کی قدر میں استحکام (سکون) دیکھا گیا کیونکہ سرمایہ کار ان متنوع اعداد و شمار کا جائزہ لے رہے ہیں جو ظاہر کرتے ہیں کہ جمعہ کو روزگار کی اہم رپورٹ سے قبل امریکی معیشت ایک نازک پوزیشن میں ہے جبکہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی کشیدگی نے مارکیٹ کے جذبات کو محتاط کر رکھا ہے۔

ابتدائی ایشیائی اوقات میں یورو 1.1678 ڈالر پر مستحکم رہا اور ہفتہ وار بنیاد پر معمولی کمی کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ پاؤنڈ اسٹرلنگ 1.34605 ڈالر میں خریدا گیا۔

ین امریکی ڈالر کے مقابلے میں 156.78 پر مستحکم رہا کیونکہ تاجروں نے بڑے پیمانے پر شرط لگانے سے گریز کیا۔

آسٹریلین ڈالر 0.6721 ڈالر پر ٹریڈ ہوا جو اس ہفتے کے آغاز میں ریکارڈ کیے گئے 15 ماہ کے بلند ترین سطح کے بالکل قریب ہے جبکہ نیوزی لینڈ ڈالر تقریباً 0.5769 ڈالر پر مستحکم رہا۔

جمعرات کو سامنے آنے والے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ امریکی لیبر مارکیٹ بظاہر نہ بھرتی، نہ برطرفیکی کیفیت میں پھنسی ہوئی ہے، جہاں نومبر کے دوران ملازمتوں کے مواقع میں توقع سے زیادہ کمی آئی جبکہ نئی بھرتیوں کی شرح بھی سست رہی۔

اگرچہ خدمات کے شعبے کی سرگرمی دسمبر میں غیر متوقع طور پر بڑھی، یہ اشارہ دیتی ہے کہ معیشت نے 2025 کو مضبوط بنیادوں پر ختم کیا۔ اب توجہ جمعہ کو جاری ہونے والی نان فارم پے رولز رپورٹ پر مرکوز ہوگی جو خاص اہمیت کی حامل ہے۔

تاجروں کی توقع ہے کہ اس سال فیڈرل ریزرو کم از کم دو بار شرح سود میں کمی کرے گا حالانکہ دسمبر میں منقسم مرکزی بینک نے 2026 کے لیے صرف ایک اور کمی کی نشاندہی کی تھی۔ مارکیٹس عمومی طور پر توقع کر رہی ہیں کہ فیڈرل ریزرو جنوری میں شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گا۔

ڈالر انڈیکس 98.737 پر مستحکم رہا اور ہفتہ وار بنیاد پر معمولی اضافہ کرنے کی راہ پر ہے۔