کاروبار اور معیشت

سوات سیرینا ہوٹل کا یکم جنوری سے آپریشنز بند کرنے کا اعلان

  • گزشتہ برسوں کے دوران مسلسل تعاون پر مہمانوں، شراکت داروں اور ساتھیوں سے انتظامیہ کا اظہار تشکر، گروپ 33 ہوٹل چلا رہا ہے، جن میں سے 10 پاکستان میں ہیں
شائع December 31, 2025 اپ ڈیٹ December 31, 2025 08:00pm

سوات سیرینا ہوٹل نے یکم جنوری 2026 سے اپنی خدمات بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی وادیِ سوات میں اس کا تقریباً چار دہائیوں پر محیط سفر اختتام پذیر ہو جائے گا۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہوٹل کو تقریباً 40 سال تک مہمانوں کی میزبانی کرنے اور خیبر پختونخوا بالخصوص سوات کے علاقے میں سیاحت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کا اعزاز حاصل رہا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ ہم انتہائی افسوس کے ساتھ یکم جنوری 2026 سے سوات سیرینا ہوٹل کے آپریشنز بند کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔انتظامیہ نے گزشتہ برسوں کے دوران مسلسل تعاون پر اپنے مہمانوں، شراکت داروں اور ساتھیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ہوٹل انتظامیہ نے واضح کیا کہ اگرچہ سوات میں آپریشنز ختم ہو رہے ہیں لیکن سیرینا ہوٹلز ایشیا اور افریقہ میں اپنی دیگر پراپرٹیز پر مہمانوں کا خیرمقدم جاری رکھے گا۔ یہ گروپ اس وقت مجموعی طور پر 33 ہوٹل چلا رہا ہے، جن میں سے 10 پاکستان میں واقع ہیں۔

سیرینا ہوٹلز نے اپنے دیگر مقامات پر اعلیٰ معیار کی خدمات اور یادگار تجربات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ سوات سیرینا ہوٹل کی بندش وادی کے ہاسپیٹلٹی اور سیاحت کے شعبے میں ایک اہم باب کے خاتمے کی علامت ہے، جہاں اس ہوٹل کو طویل عرصے سے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک مثالی منزل (لینڈ مارک) سمجھا جاتا تھا۔