پاکستان اور او آئی سی رکن ممالک نے اسرائیل کی طرف سے صومالیہ لینڈ کو تسلیم کرنے کو مسترد کردیا
پاکستان سمیت 21 سے زائد مسلم ممالک اور اسلامی تعاون تنظیم نے اسرائیل کی جانب سے صومالیہ کے علاقے صومالی لینڈ کو تسلیم کیے جانے کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
پاکستان، اردن، مصر، الجزائر، کوموروس، جبوتی ، گیمبیا ، ایران، عراق، کویت، لیبیا، مالدیپ ، ترکیہ ، نائیجریا، عمان، فلسطین، قطر، سعودی عرب، صومالیہ، سوڈان، یمن اور اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے ایک مشترکہ بیان میں شرانگیز اسرائیلی فیصلے کو یکسر مسترد کردیا گیا ۔
مشترکہ اعلامیے میں صومالیہ کی خودمختاری کی مکمل حمایت کی گئی اور کہا گیا کہ صومالیہ کے اتحاد، علاقائی سالمیت یا پورے علاقے پر اس کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کا موجب بننے والے کسی بھی اقدام کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
مشترکہ بیان میں اسرائیل کے اقدام اور فلسطینی عوام کو بے دخل کرنے کی کوششوں کے درمیان کسی بھی تعلق کو بھی مسترد کیا گیا اور زور دیا گیا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔
وزرائے خارجہ نے صومالیہ کی خودمختاری کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی برادری سے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کا احترام کرے، جو ریاستوں کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں۔