دبئی میں پاکستانی سرمایہ کاری 100 ارب ڈالر سے تجاوز، تاجر مقامی مارکیٹ پر توجہ دیں، گوہر اعجاز
سابق وفاقی وزیر اور معروف صنعتکار گوہر اعجاز نے تاجر برادری پر زور دیا ہے کہ وہ دبئی میں سرمایہ کاری کرنے کے بجائے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، کیونکہ دبئی میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھ گیا ہے۔یہ بات انہوں نے یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) اور بزنس مین پینل (بی ایم پی) کی تاریخی اتحاد کی تقریب میں کہی، جس کا اہتمام سابق سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی بشیر جان محمد نے کیا۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ اس اتحاد کو ممکن بنانے میں زبیر طفیل، ناصر حیات مگو اور شیخ ریاض کا کردار قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کاروباری کمیونٹی کی حقیقی توجہ ملک کی معیشت کی خدمت پر مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے ملکی معیشت کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ کیپٹل مارکیٹ 40,000 سے بڑھ کر 160,000 پوائنٹس تک پہنچی ہے، لیکن حقیقی آمدنی اور کاروباری ترقی محدود رہی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 2023-24 میں پاکستانیوں کی دبئی میں جائیداد کی سرمایہ کاری 100 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی، ہےجو ملک کے قرضے سے بھی زیادہ ہے۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ اگر یہ سرمایہ پاکستان میں رہتا تو جی ڈی پی کی شرح کم از کم چھ فیصد سے کم نہ ہوتی۔
انہوں نے کاروباری کمیونٹی پر زور دیا کہ نوجوانوں کے روزگار اور ملک کی معیشت کے لیے متحد ہو کر کام کیا جائے۔
تقریب میں اتحاد کو ”ٹیم پاکستان“ قرار دیا گیا اور فیڈریشن کی اگلی انتخابات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جو امیدواروں کے انتخاب کی ذمہ دار ہوگی۔