کھیل

آرتیتا کا میڈویکے کے ‘جادوئی لمحات’ کو خراجِ تحسین، چیمپئنز لیگ میں شاندار ڈبل

  • میڈویکے نے بدھ کے میچ میں 25ویں منٹ میں زور دار شاٹ کے ساتھ اسکورنگ کا آغاز کیا
شائع December 11, 2025 اپ ڈیٹ December 11, 2025 07:43pm

آرسنل کے مینیجر مائیکل آرتیتا نے نونی میڈویکے کی بھرپور تعریف کی، خاص طور پر ان کی ڈربلنگ کی مہارت اور حریف کھلاڑیوں کو چیلنج کرنے کے جذبے کو سراہا، جب اس ونگر نے بیلجیم کے کلب بروژ کے خلاف چیمپئنز لیگ میں 0-3 کی کامیابی میں دو گول اسکور کیے۔

میڈویکے نے بدھ کے میچ میں 25ویں منٹ میں شاندار گول کے ساتھ اسکورنگ کا آغاز کیا۔

آرتیتا نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ناقابلِ یقین گول، جب آپ انفرادی صلاحیت، ذاتی مہارت اور جادوئی لمحات کی بات کرتے ہیں تو یہی سب ہے۔ ایک ایسا کھلاڑی جو اتنی دور سے گیند لیتا ہے، ڈرِبل کرتے ہوئے آگے بڑھتا ہے اور جس معیار اور طاقت سے فائنش کرتا ہے، وہ قابلِ تعریف ہے۔

23 سالہ میڈویکے نے دوسرے ہاف میں قریب سے ہیڈر کے ذریعے آرسنل کی برتری کو دگنا کر دیا۔

میڈویکے، جو جولائی میں چیلسی سے آرسنل میں شامل ہوئے تھے، اب تک دو چیمپئنز لیگ میچز میں تین گول کر چکے ہیں جس میں گزشتہ ماہ بائرن میونخ کے خلاف 1-3 کی جیت میں کیا گیا گول بھی شامل ہے، جو انہوں نے گھٹنے کی انجری سے واپسی کے بعد اسکور کیا تھا۔

میڈویکے نے بروژ کے خلاف دائیں ونگ پر کھیل کا آغاز کیا، جو معمول کے مطابق انگلینڈ کے بین الاقوامی کھلاڑی بوکایو ساکا کی پوزیشن ہوتی ہے۔ آرتیتا کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان صحت مند مقابلہ انہیں بہترین کارکردگی برقرار رکھنے میں مدد دے گا۔

اسپینش کوچ نے کہا دونوں کی صلاحیتیں مختلف ہیں اور یہ ہمارے لیے بہترین ہے کیونکہ ہمیں دونوں کی ضرورت ہے۔ ہم ہر تین دن بعد کھیل رہے ہیں اور ایسے کھلاڑی جن کے پاس تازگی بھی ہو اور جیتنے کا جذبہ بھی، انتہائی اہم ہیں۔ انہیں یہ سمجھنا ہوگا کہ انہیں اعلیٰ معیار پر کھیلنا ہے اور یہی وہ سطح ہے جو ہم نے مقرر کر رکھی ہے۔