پاکستان

عدالت نے مرزا شہزاد اکبر کو اشتہاری قرار دے دیا

  • تحریری حکم جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس شاہ کی جانب سے جاری کیا گیا
شائع اپ ڈیٹ

عدالت نے سابق معاون خصوصی برائے وزیراعظم مرزا شہزاد اکبرکو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔

یہ تحریری حکم جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس شاہ کی جانب سے جاری کیا گیا۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے مرزا شہزاد اکبر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا بھی حکم دیا ہے، مرزا شہزاد اکبر متعدد بار طلب کرنے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

مرزا شہزاد اکبر کے خلاف مقدمہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر متنازع بیانات دینے کی بنیاد پر درج کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ شہزاد اکبر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد برطانیہ چلے گئے تھے۔

حکومت پاکستان نے برطانیہ سے شہزاد اکبر کی حوالگی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن سے مطالبہ کیا کہ شہزاد اکبر متعدد مقدمات میں مطلوب ہیں، انہیں فوری پاکستان کے حوالے کیا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ اگرچہ حکومت آزادی اظہار رائے کا احترام کرتی ہے، لیکن ”جھوٹی خبروں اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے والی مہمات کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، پاکستان بیرون ملک پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں ملوث افراد سے متعلق معاملات پر برطانیہ کے تعاون کو سراہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حوالگی کے عمل کا آغاز وزارت خارجہ کے ذریعے پہلے ہی کر دیا گیا ہے اور اسلام آباد توقع رکھتا ہے کہ برطانیہ کے حکام موجودہ قانونی فریم ورک کے تحت پیش رفت کریں گے۔