کھیل

خصوصی کھلاڑیوں کے لیے جلد علیحدہ ٹورنامنٹس کا اعلان

  • معذور افراد پاکستان کا باوقار چہرہ ، الگ ایونٹ سے ان کی صلاحیتیں سامنے آئیں گی ، وزیر کھل پنجاب ملک فیصل
شائع December 4, 2025 اپ ڈیٹ December 4, 2025 02:26pm

معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان اسپیشل پرسنز کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے خصوصی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر پنجاب کے وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

وزیر کھیل نے کھلاڑیوں سے گراؤنڈ پر ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے جذبے اور لگن کو سراہا۔ انہوں نے خصوصی کھلاڑیوں کے ساتھ ایک دوستانہ میچ میں بھی حصہ لیا، جسے نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ شائقین نے بھی گرمجوشی سے سراہا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر میں خصوصی کھلاڑیوں کے لیے الگ الگ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا ،تاکہ انہیں اپنی صلاحیتیں دکھانے کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ معذور افراد میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں اور یہ پاکستان کے فخر کا نشان ہیں۔ کھیلوں میں ان کی مؤثر نمائندگی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور خصوصی کھلاڑی ہر میدان میں کسی سے کم نہیں ہیں۔

ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ معذور افراد پاکستان کا مثبت، مضبوط اور باوقار چہرہ ہیں۔ پنجاب حکومت خصوصی کھلاڑیوں کے لیے مزید کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، کیونکہ ان کی کامیابیاں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے فخر اور شناخت کا باعث بنتی ہیں۔