کاروبار اور معیشت

سیمنٹ کی برآمدات مسلسل 3 ماہ سے کمزور، مقامی طلب میں معمولی بہتری

  • نومبر 2025 میں سیمنٹ کی برآمدات میں 26.53 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ
شائع December 3, 2025 اپ ڈیٹ December 3, 2025 01:15pm

رواں سال نومبر میں سیمنٹ کی برآمدات میں مزید ریکارڈ کی گئی، یہ مسلسل تیسرا مہینہ ہے جب برآمدی کارکردگی کمزور رہی جبکہ مقامی طلب میں معمولی استحکام برقرار رہا۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق نومبر 2025 میں سیمنٹ کی برآمدات میں 26.53 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی اور حجم گزشتہ سال کے 8 لاکھ 3 ہزار 258 ٹن کے مقابلے میں گھٹ کر 5 لاکھ 90 ہزار 183 ٹن رہ گیا۔ اکتوبر میں برآمدات میں 23 فیصد جبکہ ستمبر میں 15 فیصد کمی کے بعد یہ مسلسل تیسرا مہینہ ہے جب برآمدی کارکردگی کمزور رہی۔

ادھر مقامی مارکیٹ نے بہتر کارکردگی دکھائی اور نومبر 2025 میں 3.549 ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوا جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 2.23 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے، تاہم مجموعی فروخت 4.14 ملین ٹن رہی جو نومبر 2024 کے مقابلے میں 3.17 فیصد کم ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران مجموعی سیمنٹ فروخت 21.445 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے سے 11.54 فیصد زیادہ ہے، مقامی کھپت 14.7 فیصد اضافے کے ساتھ 17.435 ملین ٹن رہی جبکہ برآمدات تقریباً مستحکم رہتے ہوئے 4.009 ملین ٹن ریکارڈ ہوئیں۔

اے پی سی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ اگر حکومت ڈیوٹی اور ٹیکسز میں ریلیف فراہم کرے توصنعت کی پیداواری لاگت کم ہوسکتی ہےجس سےمقامی صارفین کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعت دوست پالیسیاں سیمنٹ سیکٹر کوعالمی منڈی میں مسابقتی بنا سکتی ہیں اور برآمدات کا دباؤ بھی کم ہوگا۔