پاکستان

ڈنمارک کی سفیر اور جام کمال کی ملاقات؛ اقتصادی تعاون بڑھانے پر بات چیت

  • دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری کے تعاون اور توانائی کے شعبے میں اشتراک کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا
شائع November 30, 2025 اپ ڈیٹ November 30, 2025 10:04am

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ڈنمارک کی سفیر ماجا ڈیرس مورٹینسن سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری کے تعاون اور توانائی کے شعبے میں اشتراک کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر تجارت نے بتایا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے تحت استحکام کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وقتی ٹیکس بڑھانے سے کاروباری حلقوں پر دباؤ ضرور بڑھا ہے، تاہم یہ ریونیو اہداف پورے کرنے کے لیے ضروری تھے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت بتدریج ٹیکس کے بوجھ میں کمی اور کاروبار دوست ماحول کی بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منافع کی منتقلی کے مسائل بڑی حد تک حل ہو چکے ہیں، غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہو رہے ہیں اور ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

دونوں فریقین نے پاکستان کے توانائی شعبے پر تفصیلی بات چیت کی، خصوصاً صنعتوں کے شمسی اور قابل تجدید توانائی کی طرف منتقل ہونے کے رجحان پر، جس سے نیشنل گرڈ پر طلب کم ہوئی ہے۔

ڈنمارک کی سفیر نے وزیر تجارت کو آگاہ کیا کہ ڈنمارک پاکستانی اداروں کے ساتھ توانائی کی منصوبہ بندی، ڈیٹا سسٹمز اور گرڈ کی بہتری کے لیے تین سالہ اشتراکی پروگرام پر کام کر رہا ہے۔

دونوں جانب سے اتفاق ہوا کہ صنعتوں کو دوبارہ گرڈ سے منسلک کرنا یا صنعتوں کی نئی طلب میں اضافہ کرنا طویل المدتی پائیداری کے لیے ضروری ہے۔ سفیر نے پاکستان کے زرعی اور آئی ٹی شعبوں میں ڈنمارک کی کاروباری دلچسپی سے بھی آگاہ کیا، تاہم انہوں نے بتایا کہ کچھ کمپنیاں قانونی اور سرٹیفیکیشن کے تقاضوں کے باعث محتاط ہیں۔

وزیر تجارت نے ڈنمارکی کمپنیوں کو پاکستان کے تیزی سے بڑھتے آئی ٹی ٹیلنٹ پول سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی، جو سالانہ تقریباً اسی ہزار گریجویٹس پیدا کرتا ہے اور کاروبار کے لیے مسابقتی لاگت فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے ڈنمارک کو لاہور اور کراچی میں ہونے والی آئندہ تجارتی نمائشوں میں شرکت کی دعوت دی اور امید ظاہر کی کہ سفری پابندیوں میں بہتری سے شرکت میں اضافہ ممکن ہوگا۔

وزیر تجارت نے سفیر کو پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی کاسمیٹکس اور پرسنل کیئر انڈسٹری سے بھی آگاہ کیا، جو حالیہ عرصے میں مسابقتی قیمتوں اور مصنوعات کی بڑھتی اقسام کے باعث افریقی منڈیوں میں مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔

دونوں فریقین نے تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دینے اور تجارت، قابل تجدید توانائی، آئی ٹی اور نئی منڈیوں تک رسائی کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025