پاکستان

پاکستان اور یورپی یونین کا ساتویں برسلز ڈائیلاگ میں اسٹریٹجک شراکت کو مزید مضبوط بنانے کا عزم

  • دونوں فریقوں نے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کے انعقاد پر اتفاق کرکے سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی تجدید کی
شائع November 23, 2025 اپ ڈیٹ November 23, 2025 07:07pm

پاکستان اور یورپی یونین نے ساتویں یورپی یونین پاکستان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوران سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جو برسلز میں منعقد ہوا۔

ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی ہائی ری پریزنٹیٹو برائے خارجہ امور و سیکیورٹی پالیسی اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی، جس میں 2019 کے یورپی یونین پاکستان اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان (ایس ای پی) کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں فریقوں نے تجارت، ہجرت، انسانی حقوق، ترقی اور اعلیٰ تعلیم میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا، جن میں ایراسمس منڈس اور ہورائزن یورپ جیسے پروگرام بھی شامل ہیں۔

مذاکرات میں عالمی سطح پر ابھرتے ہوئے چیلنجز کا بھی جائزہ لیا گیا، جن میں خوراک اور توانائی کے تحفظ، ماحولیات میں تبدیلی اور پائیدار ترقی کے راستوں پر گفتگو شامل تھی۔

دونوں فریقوں نے جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس) کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کیا، جسے یورپی یونین اور پاکستان کے تجارتی تعلقات کا بنیادی ستون قرار دیا گیا۔

علاقائی اور عالمی سیکیورٹی کی صورتحال بھی گفتگو کا اہم حصہ رہی۔ یورپی یونین نے پاکستان کو یوکرین میں روس کی جنگ کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ پاکستان نے جموں و کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا۔

دونوں فریقوں نے مشرقِ وسطیٰ میں امن عمل کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے دو ریاستی حل کے عزم کو دہراتے ہوئے غزہ میں انسانی رسائی اور تعمیر نو کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

پاک افغان تعلقات کے حوالے سے مذاکرات میں علاقائی استحکام، انسداد دہشت گردی میں تعاون اور افغان باشندوں کی محفوظ اور باوقار واپسی کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔

یورپی یونین نے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی دہائیوں تک میزبانی پر پاکستان کی کاوشوں کو سراہادونوں فریقوں نے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کے انعقاد پر اسلام آباد میں اتفاق کیا۔