کاروبار اور معیشت

پاکستان آٹو شو کا متعدد نئی گاڑیوں کے اجراء، الیکٹرک وہیکلز کی جدید نمائش کے ساتھ اختتام

  • 172 سے زائد نمائش کنندگان نے ملکی آٹو صنعت کی حقیقی صلاحیت اور تخلیقی جدت کا مظاہرہ کیا
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان آٹو شو 2025 اپنے اختتام کو پہنچ گیا جس میں متعدد نئی گاڑیوں کے اجراء کے ساتھ ساتھ الیکٹرک وہیکلز (ای وی) کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی نمائش دیکھی گئی۔ 172 سے زائد نمائش کنندگان نے ملکی آٹو صنعت کی حقیقی صلاحیت اور تخلیقی جدت کا مظاہرہ کیا۔

یہ ایونٹ ملک کا سب سے بڑا اور بہترین آٹوموٹو شو ہے، جو مقامی مینوفیکچررز، سپلائرز، پارٹس اور ایسیسریز کے وینڈرز اور صنعت کے دیگر شراکت داروں کی نمایاں پیشکش کو اجاگر کرتا ہے۔

پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹو پارٹس اینڈ ایسیسریز مینوفیکچررز (پاپام) کے سینئر وائس چیئرمین شہریار قادر نے کہا کہ گاڑی سازی کے شعبے میں مقامی پیداوار ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آٹوموٹو شعبہ جی ڈی پی میں 3 فیصد اور ایل ایس ایم میں تقریباً 15 فیصد حصہ ڈال رہا ہے اور ملکی ترقی و نمو میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

شہریار قادر نے کہا کہ آٹو پارٹس کے مینوفیکچررز سالانہ ایک ارب ڈالر سے زائد کی درآمدی متبادل پیداوار میں حصہ ڈالتے ہیں، جو نہ صرف زرمبادلہ کی بچت کرتا ہے بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ صنعت کو مثبت پالیسی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ مختلف چیلنجز سے نمٹا جا سکے اور ملکی آٹوموٹو مستقبل کے لیے ایک متحرک ماحولیاتی نظام قائم کیا جاسکے۔

پاپام کے سینئر وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ یہ نمائش ہماری صنعت کے اختراعی جذبے کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ہمیں امید اور نئے مواقع فراہم کرتی ہے۔

پاکستان آٹو شو 2025 کے کنوینر زین شریق نے بتایا کہ سینکڑوں نمائش کنندگان اور ہزاروں وزیٹرز نے اس شاندار نمائش کا مشاہدہ کیا، جو اختراع، پیداوار کے مقامی بنانے اور الیکٹرک موبیلیٹی کے گرد مرکوز تھی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ شو کے دوران سوزوکی نے پاکستان میں کمپیکٹ ایس وی وی سیگمنٹ، فرونکس لانچ کی جبکہ ماسٹر چانگان موٹرز لمیٹڈ نے اپنے پریمیم ای وی برانڈ دیپال کے تحت ملک کی سب سے وسیع نئی توانائی والی گاڑیوں (ای ای ویز) کی لائن اپ متعارف کرائی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025