کھیل

پاکستان نے ہانگ کانگ سپر سکسز 2025 کا ٹائٹل جیت لیا

  • فائنل میں کویت کو 43 رنز سے شکست دے دی
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان نے کویت کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ سپر سکسز 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا اور فائنل میں فتح حاصل کر کے ایک سنسنی خیز مہم کا اختتام کیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ چھ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ کپتان عباس آفریدی نے صرف 11 گیندوں پر 52 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں سات شاندار چھکے شامل تھے، اس کے بعد وہ زخمی ہونے کی وجہ سے آؤٹ ہوئے۔

عبدالصمد نے 13 گیندوں پر 42 رنز بنائے، جبکہ خواجہ نافع نے چھ گیندوں پر 22 رنز کی تیز اننگز کھیل کر پاکستان کے اوپنرز نے کویتی بولنگ لائن اپ کو تہس نہس کر دیا۔

اگرچہ میٹ بھوسر نے تین وکٹیں حاصل کیں، تاہم کویت کے بولرز پاکستان کی دھواں دار بیٹنگ کو قابو میں رکھنے میں ناکام رہے، جس نے شاندار رن ریٹ 22.5 فی اوور برقرار رکھا۔

جوابی بیٹنگ میں کویت نے خوب محنت کی مگر صرف پانچ اوورز میں 92 رنز ہی بنا سکا۔ بھوسر 33 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ عدنان ادریس نے 30 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت بہترین بولر رہے، جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں اور 29 رنز دیے، جبکہ عباس آفریدی اور محمد شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو صرف ایک رن سے شکست دی۔ خواجہ نافع نے 14 گیندوں پر دھواں دار 50 رنز کیے ، اننگز نے پاکستان کو 2 وکٹوں پر 121 رنز تک پہنچایا اور آخری اوورز میں مضبوط بولنگ نے فتح یقینی بنائی اور فائنل میں جگہ دلائی۔

اپنی ہمہ جہت کارکردگی کے ساتھ پاکستان نے سپر سکسز کے مختصر فارمیٹ میں اپنی خاص مہارت اور جوش کا مظاہرہ کیا اور شاندار انداز میں ہانگ کانگ سپر سکسز کا ٹائٹل جیتا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹیم کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اور پوری قوم کو ہانگ کانگ سپر سکسز کا ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد! 🏆 مہارت، جذبہ اور ٹیم ورک کا شاندار مظاہرہ جس نے پاکستان کے کرکٹ کے جذبے کو بہترین انداز میں پیش کیا۔