خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے جمعہ کو گورنر ہاؤس پشاور میں صوبائی کابینہ کے نئے ارکان سے حلف لے لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم، قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان، پارٹی رہنما اور دیگر معزز ین نے شرکت کی۔
نئی کابینہ میں مجموعی طور پر 13 ارکان شامل ہیں جن میں 10 وزرا، دو مشیر اور ایک معاونِ خصوصی شامل ہے۔
خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبے کے انتظامی اور عوامی امور کو بہتر طور پر چلانے کے لیے اپنی ٹیم میں مختلف تجربہ کار اور اہل ارکان کو شامل کیا ہے۔
گورنر ہاؤس کے مطابق سابق مشیرِ خزانہ مزمل اسلم کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ صوبائی کابینہ میں مینا خان، فضل شکور، فیصل خان تراکئی، عاقب اللہ، شفیع جان، خلیق الرحمٰن اور ڈاکٹر امجد بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بونیر سے ریاض خان، فخر جہاں اور تاج محمد ترند کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔
حلف برداری کی تقریب کے بعد گورنر خیبر پختونخوا نے صوبائی وزرا کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قبل ازیں آج نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔
کابینہ کی حلف برداری تقریب آج سہ پہر 3 بجے گورنر ہاؤس پشاور میں ہوگی جس میں نامزد وزراء، مشیران اور خصوصی معاونین اپنے عہدوں کا حلف لیں گے۔