سریٹو اسپننگ ملز لمیٹڈ (ایس ایس ایم ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کے اسپننگ مل کے آپریشنز کو مستقل طور پر بند کرنے اور مسلسل مالی خسارے کے باعث پلانٹ اور مشینری فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بات ٹیکسٹائل مل نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو دیے گئے اپنے نوٹس میں بتائی۔

نوٹس کے مطابق سریٹو اسپننگ ملز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 اکتوبر 2025 کو منعقدہ اجلاس میں کمپنی کے اسپننگ مل آپریشنز جو 2024 میں مسلسل نقصانات کے باعث پہلے ہی معطل کیے جا چکے تھے کو مستقل طور پر بند کرنے اور کمپنی کے تمام پلانٹ و مشینری کی فروخت کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔

ایس ایس ایم ایل کے مطابق پلانٹ اور مشینری کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 41 کروڑ 19 لاکھ 30 ہزار روپے ہے۔

علاوہ ازیں کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی فیکٹری کی عمارتوں کو گوداموں (ویئر ہاؤسز) میں تبدیل کرے گی ، تاکہ کرایے کی آمدنی حاصل کی جا سکے، جو کہ ایک متبادل کاروباری منصوبے کا حصہ ہے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ اثاثوں کی فروخت سے حاصل شدہ رقم کا استعمال فیکٹری کی تزئین و آرائش، کمپنی کے کچھ واجبات کی ادائیگی اور نئے کاروبار کے لیے ورکنگ کیپیٹل میں اضافے کے لیے کیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق بورڈ کے یہ فیصلے ایس ایس ایم ایل کے شیئر ہولڈرز کی منظوری سے مشروط ہیں جن کا غیر معمولی عام اجلاس (ای او جی ایم) 28 نومبر 2025 کو منعقد ہوگا۔

سریٹو اسپننگ ملز لمیٹڈ سیگل گروپ آف کمپنیز کا حصہ ہے۔ یہ کمپنی 1987 میں کمپنیز آرڈیننس 1984 کے تحت ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم کی گئی تھی اور پنجاب میں قائم اپنے یونٹ میں یارن (دھاگہ) تیار و فروخت کرتی ہے۔