آج نیوز کے مطابق بلوچستان کے ضلع ڈیرہ مراد جمالی میں بدھ کے روز نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس کی گاڑی پر دستی بم پھینک دیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق مرکزی بازار کے علاقے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایک الگ واقعے میں نصیرآباد کے علاقے الطاف آباد میں مسلح افراد نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا اور مسافر ٹرین پر چار راکٹ فائر کیے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سیکورٹی حکام کے مطابق فرنٹیئر کور اور پولیس اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔
بعد ازاں حکام نے صورتحال پر قابو پا لیا جس کے بعد جعفر ایکسپریس کو ڈیرہ مراد جمالی کی جانب اپنی روانگی جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔