پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ کل 28 اکتوبر کو پنڈی سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
دوسرا اور تیسرا ٹی 20 میچ 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا، میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے پیر کو ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ تینوں ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ٹاس مقامی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے ہوگا اور پہلی گیند رات 8 بجے پھینکی جائے گی۔
ٹی20 سیریز کے بعد تین ایک روزہ میچز کھیلیں جائیں گے جو 4، 6 اور 8 نومبر کو فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔
ٹی20 سیریز سے قبل دونوں ٹیموں نے دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں حصہ لیا جو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ تھی۔ دو ٹیسٹ میچ پر مشتمل سیریر ایک ایک سے برابر رہی۔ میزبان ٹیم نے پہلا ٹیسٹ قذافی اسٹیڈیم میں 93 رنز سے جیتا جبکہ مہمان ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
ٹی20 میچوں میں دونوں ٹیمیں 24 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکی ہیں اور دونوں نے 12، 12 فتوحات حاصل کی ہیں۔ پاکستان میں کھیلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں میں، میزبانوں نے دو بار کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ جنوبی افریقہ ایک بار فاتح رہا ہے۔پاکستان کے موجودہ اسکواڈ میں، بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف 13 میچوں میں 447 رنز بنائے ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 12 میچوں میں 13 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ گرین شرٹس بہت پرجوش ہیں، کچھ کھلاڑی ٹیم میں واپس آئے ہیں اور کچھ نئے چہرے بھی شامل ہیں۔ میں اس ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں اور ہم واقعی ایک شاندار سیریز کی امید رکھتے ہیں۔
پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ
سلمان علی آغا (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف، حسن نواز، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان (وکٹ کیپر)، عثمان طارق
28 اکتوبر – پہلا ٹی20 میچ، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی
31 اکتوبر – دوسرا ٹی20 میچ، قذافی اسٹیڈیم، لاہور
یکم نومبر – تیسرا ٹی20 میچ، قذافی اسٹیڈیم، لاہور
4 نومبر – پہلا ایک روزہ میچ، اقبال اسٹیڈیم، فیصل آباد
6 نومبر – دوسرا ایک روزہ میچ، اقبال اسٹیڈیم، فیصل آباد
8 نومبر – تیسرا ایک روزہ میچ، اقبال اسٹیڈیم، فیصل آباد