جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ناظم الحسن، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل حسن محمود خان، اور بنگلہ دیش کی آرمڈ فورسز ڈویژن کے پرنسپل سٹاف آفیسر (پی ایس او) لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم کامرول حسن سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران عالمی و علاقائی ماحول اور سکیورٹی کی صورتِحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور دو طرفہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت کو تسلیم کیا۔
بنگلہ دیش کے سرکاری دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیش کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کی قدر دانی کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان خودمختار مساوات اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فریقین نے دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو بہتر بنانے کے بارے میں امید کا اظہار کیا اور فوجی سطح پر رابطوں اور متعلقہ اقدامات کو بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے اسکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے طلبہ سے ملاقات کی۔ بنگلہ دیش کی سول و عسکری قیادت نے پاکستان آرمی کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، دہشت گردی کے خلاف ان کی کامیابیوں اور قربانیوں کو سراہا۔
قبل ازیں سیناکنجو پہنچنے پر ایک باقاعدہ فوجی دستہ نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
گزشتہ ہفتے چیئرمین سی جے سی ایس سی جنرل شمشاد نے مالدیپ کا سرکاری دورہ کیا اور وہاں کی قیادت کے ساتھ عالمی اور علاقائی سکیورٹی کے بدلتے ماحول اور باہمی دلچسپی کے امور، بشمول دوطرفہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون، پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو، وزیر دفاع محمد غسان مامون اور چیف آف ڈیفنس فورس میجر جنرل ابراہیم ہلمی سے ملاقات کی۔
پاکستان کے ہائی کمشنر برائے مالدیپ وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) فیصل رسول لودھی نے سی جے سی ایس سی اور ان کے وفد کے ساتھ تمام سرکاری مصروفیات کے دوران ہمراہ رہے۔
مذاکرات کے دوران، دونوں جانب کی قیادت نے دو ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات کو تسلیم کیا۔
دونوں فریقوں نے دو طرفہ فوجی سطح کے رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع پر بھی غور کیا اور شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
مالدیپ کی سول و عسکری قیادت نے پاکستان کے مسلح افواج کے پیشہ ورانہ معیار کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ان کی قربانیوں کو تسلیم کیا۔
قبل ازیں، ایم این ڈی ایف ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر باقاعدہ فوجی دستے نے سی جے سی ایس سی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔