صدر آصف علی زرداری نے جمعہ کو خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے جن میں تین پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں۔
آج نیوز کے مطابق ہنگو میں دو دھماکوں کی اطلاعات ملیں، جن میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر اور دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔
رپورٹ کے مطابق پہلا دھماکا بالیامینہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں ہوا جہاں پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا۔
جب بھاری پولیس نفری جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے پہنچی تو ان کی گاڑی دوسرے دھماکے کی زد میں آگئی، جس کے نتیجے میں تینوں اہلکار شہید ہوگئے۔
اسی دوران صدر کے سرکاری اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد پاکستان کے امن و استحکام کے دشمن ہیں۔
صدر نے شہید ایس پی اسد زبیر اور پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء و ان کے اہلِ خانہ کے لیے دعا کی۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی دھماکوں کی شدید مذمت کی اور شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید ایس پی اسد زبیر اور دیگر دو پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ کے پی پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔
پاکستان میں نومبر 2022 سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حکومت کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ ختم کر دیا تھا۔