پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سرکاری دورۂ رومانیہ کے دوران رومانیہ کے سیکریٹری دفاع ایڈورڈ بچیڈے اور رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس جنرل گیورگیتسا ولاد سے ملاقات کی۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان عسکری سطح پر مزید موثر تعاون پر زور دیا گیا۔

اعلیٰ سطح کی اس ملاقات میں پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو علاقائی امن و سلامتی سے متعلق اہم امور پر ہم آہنگی کی بنیاد پر قائم ہیں۔

انہوں نے مشترکہ چیلنجز کے مقابلے میں دوطرفہ فوجی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

انہوں نے پاک فضائیہ کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعاون اور عملی ہم آہنگی کے نئے مواقع تلاش کرنے کا خواہاں ہے، تاکہ دونوں ممالک کی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق رومانیہ کے سیکریٹری دفاع نے پاک فضائیہ کی شاندار جنگی کارکردگی اور عملی مہارت کو سراہا اور رومانیہ کی جانب سے پاک فضائیہ کے وسیع آپریشنل تجربے سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

ملاقات کے دوران رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس جنرل ولاد نے پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ معیار اور صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی۔

انہوں نے مشترکہ مشقوں، تربیتی تبادلوں اور پیشہ ورانہ ترقیاتی پروگراموں کے ذریعے طویل المدتی اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ائیر چیف کا رومانیہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور یہ دونوں اقوام کے اس مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ وہ ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا باہمی شراکت داری اور مسلسل رابطوں کے ذریعے کریں گی۔

ائیر چیف کا رومانیہ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب چند روز قبل پاک فضائیہ کے جدید جے ایف 17 تھنڈر بلاک III طیارے آذربائیجان میں ہونے والی دوطرفہ فضائی مشق انڈس شیلڈ الفا میں شریک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق پاکستان اور آذربائیجان کی فضائی افواج کے درمیان عملی ہم آہنگی، باہمی فہم اور مشترکہ جنگی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے ترتیب دی گئی تھی۔